
بسم اللہ الرحمن الرحیم
(زیرِ انتظام: دار البحث والاعلام، لکھنؤ)
مؤرخہ 24/ جنوری 2025ء مطابق 23/ رجب 1446ھ بروز: جمعہ بوقت: 04:00 تا 09:00 بجے شب جامعہ خدیجۃ الکبری للبنات، لکھنؤ کے آڈیٹوریم میں دار البحث والاعلام، لکھنؤ کی طلبہ ونگ “اللقاء الثقافی، لکھنؤ” کی ہفت روزہ تربیتی سیریز بعنوان:
*میرا انتخاب، میری تخلیق*
*میری تخلیق، میرا انتخاب*
کی 144/ ویں نشست میں اللقاء الثقافی کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اعزازات: 25-2024 کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔
اس علمی و فکری تقریب کے پہلے سیشن میں جہاں ممتاز فضلاء و اسکالرس اور مہمانان و معززین کی موجودگی میں گراں قدر انتخابات و تخلیقات: علمی و تحقیقی مضامین و مقالات، ترجمے، تبصرے، سفرنامے، سپاس نامے، روز نامچے، روداد نویسی اور شذرات کے نمونے وغیرہ پیش کیے گئے، سال بھر کی علمی و انتظامی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، جنرل سکریٹری کی طرف سے جملہ شعبہ جات اللقاء الثقافی، لکھنؤ سالانہ رپورٹ: 25-2024 پیش کی گئی، تو وہیں دوسرے سیشن میں ممتاز علمی سرگرمیوں، منظم آن لائن ایکٹیویٹیز، زیادہ سے زیادہ علمی و انتظامی پراجیکٹس کی تکمیل اور مثالی انداز کی فعالیت پر طبقۂ علیا و سفلی سے بالترتیب 25/ ممتاز طلبہ کو نقد انعامات اور کتب سے نوازا گیا، اسی طرح جملہ عہدے داران کو بیش قیمت شیلڈ اور میڈل کے علاوہ سرٹیفیکیٹ، قلم، ڈائری و تعارف نامہ پر مشتمل فائل سے نواز کر، ان کی قابلیت و فعالیت کا اعتراف کیا گیا، ساتھ ہی جملہ ممبران کو میڈل، سرٹیفیکیٹ اور فائل سے سرفراز کیا گیا اور توصیفی سند و تعارف نامہ پر مشتمل فائل کے ذریعہ اللقاء الثقافی، لکھنؤ سے وابستہ جملہ مستفیدین و شرکا کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔
اخیر میں تقریب کی صدارت کر رہے ڈاکٹر نذیر احمد ندوی دامت برکاتہم العالیہ (استاذ: دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ) کا رہنما خطاب ہوا اور معزز مہمانانِ عظام: مولانا شمیم احمد ندوی، مفتی علی شفیق ندوی، مولانا شعیب احسن ندوی (اساتذۂ دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ)، مولانا مطیع الحق انظر ندوی قاسمی (ناظم تعلیمات: جامعۃ المومنات، لکھنؤ)، ڈاکٹر ادریس احمد ندوی (اسسٹنٹ پروفیسر: شعبۂ عربی، لکھنؤ یونیورسٹی)، مولانا ابو الجیش ندوی (استاذ: مدرسہ سیدنا بلال، لکھنؤ)، مولانا قمر عالم ندوی (انچارج: القرآن انسٹیٹیوٹ، لکھنؤ) اور نواب علی سعید خان (ممتاز دانشور اور سماجی کارکن) نے اپنے گراں قدر تاثرات سے نوازا۔اس موقع پر اللقاء الثقافی، لکھنؤ سے وابستہ طلبہ و اسکالرز اور ممبران کے تئیں بیش بہا انتظامی خدمات اور ہمہ جہت تعاون کے اعتراف میں مہمانان گرامی قدر اور اساتذہ کرام کے بدست مولانا عباد الرحمن صدیقی ندوی (ناظم: جامعہ خدیجۃ الکبری للبنات، لکھنؤ) کی شال پوشی کے ساتھ تمغۂ اعزاز پیش کیا گیا۔ اسی طرح قمر الزمان ندوی (اسکالر: اللقاء الثقافی، لکھنؤ) نے مربی گرامی قدر مولانا مسعود عالم ندوی (ڈائریکٹر: دار البحث والاعلام، لکھنؤ) کی ادارہ کے تئیں بے لوث خدمات پر شکر و سپاس کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے جملہ عہدیداران اللقاء الثقافی، لکھنؤ کی طرف سے مہمانان گرامی قدر و اساتذہ کرام اور عہدیداران کے بدست شال پوشی اور سپاس نامہ پیش کرنے کی نازک ذمہ داری نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔ واضح رہے کہ تقریب کی نظامت کے فرائض مسعود عالم ندوی (ڈائریکٹر: دارالبحث و الاعلام، لکھنؤ) اور محمد مرغوب الرحمن ندوی (جنرل سکریٹری: اللقاء الثقافی، لکھنؤ) نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔ اس موقع پر اللقاء الثقافی، لکھنؤ کے فاؤنڈر ممبران و سینیئر اراکین، عہدے داران و ممبران اور مستفیدین و وابستگان کے علاوہ دارالعلوم ندوۃ العلماء و مدارس ملحقہ میں زیر تعلیم طلبہ اور معززین شہر کی پروقار شرکت رہی۔ کلماتِ تشکر، دعائے ماثورہ اور فوٹو سیشن کے ساتھ اس سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اعزازات: 25-2024 کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔ بقلم: حسان عمر (سکریٹری: اللقاء الثقافی، لکھنؤ)24/ جنوری 2025جمعہ