وضو اسلام میں نماز اور بعض عبادات کے لیے بنیادی شرط ہے۔ وضو کے ذریعے مسلمان ظاہری پاکیزگی حاصل کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لیے خود کو تیار کرتا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے وضو کا حکم دیا ہے اور نبی کریم ﷺ نے اس کا مکمل طریقہ سکھایا ہے۔
وضو کی نیت
جب وضو کرنے کا ارادہ ہو تو دل میں نیت کریں کہ:
“میں پاکی حاصل کرنے اور اللہ تعالیٰ کی رضا اور ثواب کے لیے وضو کرتا ہوں۔”
نیت دل کے ارادے کا نام ہے، زبان سے کہنا ضروری نہیں۔
وضو کا مسنون طریقہ
- بہتر ہے کہ وضو اونچی جگہ بیٹھ کر اور قبلہ رخ کیا جائے۔
- وضو شروع کرتے وقت بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھیں۔
- دونوں ہاتھ گٹوں تک تین مرتبہ دھوئیں۔
- دائیں ہاتھ سے تین مرتبہ کلی کریں۔
- مسواک کریں، اگر مسواک نہ ہو تو انگلی یا موٹے کپڑے سے دانت صاف کریں۔
- اگر روزہ نہ ہو تو کلی میں غرغرہ کریں۔
- دائیں ہاتھ سے تین مرتبہ ناک میں پانی ڈالیں اور بائیں ہاتھ سے ناک صاف کریں۔ اگر روزہ نہ ہو تو پانی ناک کی جڑ تک پہنچائیں۔
- اب چہرہ تین مرتبہ دھوئیں:
پیشانی کے بالوں سے ٹھوڑی تک ، ایک کان کی لو سے دوسرے کان کی لو تک اس طرح دھوئیں کہ کوئی جگہ خشک نہ رہے
- دونوں ابرو اور مونچھوں کے نیچے بھی پانی پہنچائیں۔
- اگر احرام کی حالت نہ ہو تو داڑھی کا خلال کریں۔
- اب دایاں ہاتھ کہنی سمیت تین مرتبہ دھوئیں۔
- پھر بایاں ہاتھ کہنی سمیت تین مرتبہ دھوئیں۔
- اگر انگوٹھی، چھلہ یا گھڑی پہنی ہو تو اسے ہلائیں تاکہ پانی نیچے تک پہنچ جائے۔
- انگلیوں کا خلال کریں یعنی ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈالیں۔
- اب دونوں ہاتھ تر کر کے پورے سر کا مسح کریں۔
- پھر کانوں کا مسح کریں:
شہادت کی انگلی سے کان کے اندر ، انگوٹھے سے کان کے باہر چھوٹی انگلی کان کے سوراخ میں ڈالیں۔
- اس کے بعد گردن کا مسح کریں۔
- اب دایاں پاؤں ٹخنوں سمیت تین مرتبہ دھوئیں۔
- پھر بایاں پاؤں ٹخنوں سمیت تین مرتبہ دھوئیں۔
- پاؤں دھوتے وقت انگلیوں کا خلال کریں:
دائیں پاؤں کی چھوٹی انگلی سے شروع کر کے انگوٹھے تکپھر بائیں پاؤں کے انگوٹھے سے شروع کر کے چھوٹی انگلی تک۔
وضو کے بعد کی دعا
وضو مکمل ہونے کے بعد آسمان کی طرف دیکھ کر یہ کلمہ پڑھیں:
اَشْهَدُ اَنْ لَّا اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ
ترجمہ:
میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں۔
پھر یہ دعا پڑھیں:
اَللّٰهُمَّ اجْعَلْنِيْ مِنَ التَّوَّابِيْنَ وَاجْعَلْنِيْ مِنَ الْمُتَطَهِّرِيْنَ
ترجمہ:
اے اللہ! مجھے توبہ کرنے والوں اور پاک رہنے والوں میں شامل فرما۔
تحیۃ الوضو
- وضو کے بعد اگر مکروہ وقت نہ ہو تو دو رکعت تحیۃ الوضو کی نماز پڑھنا مستحب ہے۔