نام کتاب : کرپٹو کرنسی حقیقت ماہیت اور احکام
مصنف: سالم برجیس ندوی
ناشر: ادارہ تحقیق و تصنیف اسلامی ، علی گڑھ
از : اسجد حسن ندوی
زمانہ جب کروٹ بدلتا ہے تو اس کے اثرات محض معاشروں کی ظاہری ہیئت پر نہیں پڑتے، بلکہ فکر و دانش کے پورے نظام میں ہلچل پیدا ہو جاتی ہے۔ جدید دنیا اسی تغیر کے دوش پر ایک نئی اقتصادی حقیقت کی طرف بڑھ رہی ہے، جہاں زر کی تعریف، اس کا استعمال اور اس کی حیثیت نئی معنویت اختیار کر چکی ہے۔ کرپٹو کرنسی اسی تغیر کا وہ تازہ باب ہے جس نے روایتی معیشت کو غور و فکر کے ایک نئے دائرے میں داخل کر دیا ہے۔ اب کرنسی نوٹوں یا سکّوں تک محدود نہیں رہی؛ وہ برقی لہروں، کوڈز اور ڈیجیٹل سلسلوں میں جلوہ گر ہے، اور انسانی مالیات کے لیے نئے سوالات اور نئی جہتیں پیدا کر رہی ہے۔
زیرِ نظر کتاب اسی ضرورت کا ایک جامع اور متوازن علمی جواب ہے، جس کے مصنف میرے محترم سینئر مولانا سالم برجیس ندوی ہیں۔ یہ ان کی پہلی تصنیف ہے، مگر اُس پختگی، تحقیق اور مطالعہ سے مزین ہے جو ایک سنجیدہ قلم کار کے اندازِ فکر کی پہچان ہوتی ہے۔
مجھے یاد ہے، برہان پور میں کرپٹو کرنسی کے موضوع پر منعقدہ فقہی سیمینار میں پہلی مرتبہ سالم بھائی سے مفصل گفتگو ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنے مقالے کا ذکر کیا اور اس شعبے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وہیں سے اندازہ ہوا کہ یہ موضوع اُن کے تحقیقی سفر کا ایک اہم سنگ میل بننے والا ہے۔
بعد ازاں جب میں علی گڑھ آیا تو معلوم ہوا کہ سالم بھائی اس مقالے کو مزید وسعت دے کر کتابی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ اور آج، الحمدللہ، وہ محنت رنگ لائی اور یہ کتاب تیار ہوکر قارئین کے سامنے آگئی۔ اللہ کا شکر ہے کہ آج شام سات بجے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بُک فیئر میں اس کتاب کی رسمِ اجرا ہونے جا رہی ہے—جو مصنف کے لیے بھی ایک اعزاز ہے اور ہم سب کے لیے خوشی کا باعث۔
اس کتاب کی علمی ترتیب بھی قابلِ ذکر ہے۔
اس میں پیش لفظ، تقریظ اور مقدمہ شامل ہیں، جو کتاب کے فکری پس منظر اور موضوع کی اہمیت کو نہایت خوبصورتی سے واضح کرتے ہیں۔
مصنف نے پوری کتاب کو دو بنیادی حصوں میں تقسیم کیا ہے:
پہلا حصہ :
اسے کتاب کا فکری بنیاد کہی جا سکتی ہے۔ اس میں شامل ہیں:
- کرپٹو کرنسی کا بنیادی ڈھانچہ
- زر کی شرعی اور تاریخی حیثیت
- کرپٹو کرنسی کی شرعی حیثیت کا مفصل جائزہ
یہ حصہ قاری کو موضوع کی علمی جڑوں تک پہنچاتا ہے اور جدید مالیاتی نظریات کو کلاسیکی فقہی اصولوں کے ساتھ مربوط کر کے پیش کرتا ہے۔
دوسرا حصہ :
یہ حصہ عملی، تحلیلی اور تطبیقی پہلوؤں پر مشتمل ہے، جس میں درج ذیل مباحث شامل ہیں:
- کرپٹو مارکیٹ میں کرنسیوں کا لین دین
- کرپٹو مارکیٹ میں رائج کرنسیاں
- زر اور کرپٹو کرنسیز کا تقابلی و تفصیلی جائزہ
- شرعی نقطۂ نظر سے ٹریڈنگ
- ٹریڈنگ کی مختلف شکلیں
- اور جدید تجارتی اصول
یہ حصہ قاری کو نہ صرف مارکیٹ کی عملی فضا سے روشناس کراتا ہے بلکہ شرعی اصولوں کی روشنی میں ان معاملات کا متوازن اور مدلل تجزیہ پیش کرتا ہے۔
میں دل کی گہرائیوں سے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ سالم بھائی کی اس محنت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائیں ، اس کتاب کو اہلِ علم کے لیے نافع، مؤثر اور رہنما بنائے، اور مصنف کے لیے اس کا ہر صفحہ صدقۂ جاریہ ثابت ہو۔ اللہ ان کے علم میں برکت دے، قلم میں تاثیر عطا فرمائے ، اور آنے والی مزید علمی کاوشوں کے لیے راہیں آسان فرمائے۔ آمین۔