از : اسجد حسن ندوی
دار العلوم ماٹلی والا کی لائبریری ( مکتبہ ابو بکر ربیع بن صبیح بصری) کو یوں تو کئی بار دیکھنے اور استفادہ کا موقع ملا ہے ، لیکن ابھی دو روز قبل مکتبہ کی ویب سائٹ کا لنک مولانا طلحہ صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے عشاء کی نماز سے کچھ قبل سینڈ کیا ، مسجد جاتے ہوئے بھی دیکھا اور پھر واپس آنے کے بعد تقریباً آدھا ایک گھنٹہ کے قریب دیکھتا رہا، ویب سائٹ بہت ہی خوبصورت، دیدہ زیب ، اور کافی منظم و مرتب ہے ۔
ویسے تو اس مکتبہ میں آفلاین لاکھ سے زائد کتابیں موجود ہیں ، لیکن اس ویب سائٹ پر فی الحال انہیں کتابوں کو اپلوڈ کیا گیا ہے ، جو اس مکتبہ سے شائع ہوئی ہے ، اور جن کے مصنفین یا تو خود حضرت مولانا مفتی اقبال صاحب ٹنکاروی دامت برکاتہم العالیہ ہیں ، یا دار العلوم کے دوسرے استاذہ ہیں۔
ویسے تو بہت ساری کتابوں کو میں نے والد صاحب کی میز پر مختلف چھٹیوں کے ایام میں دیکھا ہے ، اور پڑھا بھی ہے ، حضرت مہتمم صاحب کی ایک کتاب ” جدید فلسفہ اور علم کلام” کو والد صاحب کی عدم موجودگی میں ثانیہ درجات کے سالوں میں کئی مرتبہ میں لیکر بیٹھ جاتا تھا ، سمجھنے کی کوشش کرتا تھا لیکن پھر مایوسی ہاتھ لگتی تھی ۔
مقاصد شریعت پر بھی سب سے پہلی کتاب حضرت مہتمم صاحب کی ہی پڑھی ہے ،اس کے بعد ہی اس موضوع سے متعلق دوسری کتابوں کو پڑھا ۔
اس کے علاوہ جستہ جستہ "امام بخاری کا طریقہ استدلال و استنباط” کا اور افتا کے سال کی چھٹی میں”دوسرے مسلک پر فتویٰ دینے کے اصول و ضوابط” کا مطالعہ کیا تھا "عرب ممالک اور صوبہ گجرات کے تعلقات” یہ کتاب بھی اپنے موضوع پر کافی اہم ہے ۔
اسی طرح والد صاحب ( قاضی محمد حسن صاحب ندوی) کی بھی دو کتابیں اس مکتبہ سے شائع ہوئی ہے ، ایک کتاب "فہم مشکلات الحدیث کے قواعد” ہے، تاویل مختلف الحدیث بڑا مفید اور نفیس ہے ، اس کتاب میں اصول فقہ اور علوم الحدیث کی کتابوں میں تعارض ادلہ اور مشکلات الحدیث کے ضمن میں جو ترجیحات ذکر کی گئی ہیں ان کا احاطہ کیا گیا ہے ، اور یہ کتاب اردو زبان میں پہلی کتاب ہے ۔
دوسری کتاب ” توجیہ الاخبار فی شرح مشکل الآثار” ہے ، جس میں والد صاحب نے تخصص فی الحدیث کے طلباء سے مشکل الآثار کا ماحصل لکھوایا ہے ، اور والد صاحب کی تنقیح و اظافہ کے ساتھ اسی مکتبہ سے شائع ہوئی ہے ، جس کی تین جلدیں آچکی ہیں ۔
اس کے علاوہ بھی بہت سی مفید کتابیں اس ویب سائٹ پر موجود ہیں ، مولانا عبداللہ صاحب لاجپوری کی مرتب کردہ کتابیں ( ” حدیث کے اصول و مصطلحات منہج حنفی کی روشنی میں” اخبار آحاد اور ان کی استدلالی حیثیت” اور ” امام بخاری کے جرح و تعدیل کے قواعد و ضوابط ” ) بھی کافی اہم اور مفید ہیں ۔
ویب سائٹ پر اور بھی کتابیں مختلف موضوعات پر موجود ہیں، جن کا صرف سر ورق دیکھ سکا ہوں ، اس لیے ان کتابوں کے بارے میں کچھ لکھنا مشکل ہے ، لیکن قارئین سے گزارش ہے کہ ویب سائٹ پر visit کیجیے، وقت صرف کیجیے ، کتابوں کا انتخاب کیجیے ، اور ڈھیرے ڈھیرے تمام کتابوں کو پڑھ ڈالیے ، اور تعارف و تبصرہ بھی ضرور کیجیے ۔
Website Link 🖇️