🌴الوافی شرح اصول الشاشی🌴
اساتذہ اور طلبہ کے لیے اصول الشاشی کی ایک بہترین عربی شرح.
کتاب : الوافی شرح اصول الشاشی (اصول الشاشی کی عربی شرح)
زبان : عربی
صفحات : 206
تالیف : حضرت مولانا مفتی محمد ذیشان احمد قاسمی صاحب مد ظلہ العالی۔
(استاذ مدرسہ امداد العلوم حیدرآباد، انڈیا)
واٹس ایپ :
+91 9032100126
ناشر : مکتبہ احیاء سنت، مدرسہ امداد العلوم، جامع مسجد ٹین پوش، حیدرآباد، تلنگانہ، انڈیا۔
تعارف نگار: امدادالحق بختیار (استاذ حدیث وافتاء جامعہ اسلامیہ دار العلوم حیدرآباد انڈیا)
بر صغیر میں دار العلوم دیوبند کے منہج اور نظام ونصاب کو اختیار کرنے والے بیشتر مدارس کے درسِ نظامی میں اصول فقہ کے مدخل، مبادی اور بنیادی اصطلاحات وتعریفات کے لیے سب سے پہلے’’ تسہیل الاصول ‘‘ پڑھائی جاتی ہے، بعض مدارس میں اس مقصد کے لیے دوسری کتابیں بھی شاملِ نصاب ہیں، بعد ازاں بالترتیب اصول الشاشی، نور الانوار اور حسامی کا درس دیا جاتا ہے، یہ تمام کتابیں اپنے موضوع اور مقصد میں بہت مفید ہیں؛ لیکن حقیقت یہ ہے کہ طلبہ کو اصولِ فقہ کے موضوع میں سب سے زیادہ جس کتاب سے فائدہ ہوتا ہے، وہ ’’ اصول الشاشی ‘‘ ہے، اس کتاب کی ترتیب ، منہج اور اسلوب بہت شاندار ہے، عبارت سلیس اور آسان ہے، یہ کتاب اصولِ فقہ کی تقریباً تمام بنیادی اصطلاحات، قواعد اور احکام کو جامع ہے، ا س کتاب میں اصول اور قواعد کے ساتھ ایک معتد بہ مقدار میں مثالیں پیش کی گئی ہیں، جس سے قاعدہ اور اس کی تطبیق بخوبی طلبہ کو ذہن نشیں ہو جاتی ہے؛ اسی لیے اصول فقہ کے طلبہ اور اساتذہ کے درمیان یہ کتاب بہت مقبول ہے۔
اردو میں بھی اس کتاب کی بہت سی شروحات لکھی گئی ہیں اور عربی میں بھی بعض مستقل شرحیں لکھی گئی ہیں اور متعدد حواشی لکھے گئے ہیں؛ تاہم اس کتاب کی کوئی ایسی عربی شرح دستیاب نہیں تھی، جو معاصر زبان، ترتیب اور اسلوب کے مطابق ہو، اور عصری تقاضوں کوپورا کرتی ہو، جس میں اصل کتاب کے تمام مضامین اور اجزاء کی شرح کی گئی ہو، اسی لیے طلبہ کے درمیان کے اس کتاب کی کوئی عربی شرح متداول نہیں ہے۔
اسی کے پیشِ نظر مفتی محمد ذیشان احمد قاسمی صاحب زید مجدہ نے عربی زبان میں اصول الشاشی کی بہت اچھی شرح لکھی ہے، جس کا نام ’’ الوافی شرح اصول الشاشی ‘‘ ہے، ابھی اس شرح کی صرف پہلی جلد طبع ہوئی ہے اور ان شاء اللہ تین جلدوں میں یہ شرح مکمل ہوگی ۔
شرح کی عمومی خصوصیات:
شرح کی زبان شیریں اور آسان ہے، اسلوب عمدہ ہے، ترتیب بہت اعلی ہے، زبان کی ادبی جاذبیت قارئین کے لیے باعثِ نشاط ہے، شرح کو متوسط اور اعلی دونوں طبقے کے طلبہ بآسانی سمجھ سکتے ہیں۔کاغذ، کتابت، ڈیزائن، سرِ ورق اور طباعت دل کو موہ لینی والی ہے۔ اس کے علاوہ یہ شرح درجِ ذیل خصوصیات کی حامل ہے:
شرح کا جامع اور مفید تر مقدمہ ’’ مدخل الی اصول الفقہ الحنفی‘‘:
- مقدمہ میں شارح نے ’’ مدخل الی اصول الفقہ الحنفی‘‘ کے عنوان سے ، اصول فقہ کی مبادیات (تعریف، موضوع، غرض، فوائد، ضرورت، حکم، ما بہ الاستمداد علوم، تدوین، اصول فقہ اور قواعد فقہ کے درمیان فرق اور اصول فقہ کے اہم مصادر)اختصار اور جامعیت کے ساتھ بیان کیا ہے، شرح کا یہ حصہ طلبہ کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا۔
شرح کا منہج اور اسلوب: - یہ اصول الشاشی کی مفصل شرح ہے، جس میں کتاب کے اجمالی، پیچیدہ اور مشکل مضامین کو آسان انداز میں تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔
- عبارت کا خلاصہ اور پھر عبارت کے ایک ایک جزء پر عنوان قائم کرکے اس کی مفصل شرح کی گئی ہے۔
- قواعد و ضوابط اور مثالوں کی تشریح اور تفسیر کی گئی ہے۔
- مثال میں پیش کیے گئے جزوی مسائل کو قواعد پر منطبق کیا گیا ہے۔
- مذاہبِ اربعہ کی کتابوں کی روشنی میں جزوی مسائل کی تحقیق وتخریج اور توضیح کی گئی ہے۔
- اختلافی مسائل میں پہلے عنوان قائم کر کے صورتِ مسئلہ لکھا گیا ہے، پھر ائمہ کے مذاہب بیان کیے گئے ہیں، پھر ان کے دلائل اور وجہ استدلال کو بیا ن کیا گیا ہے اور مذہبِ احناف کے مضبوط دلائل دیے گئے ہیں۔
- ہر مسئلہ اور مضمون کا معتبر اور مستند حوالہ دیا گیا ہے۔ حوالے میں اصولِ فقہ حنفی کے ساتھ دیگر ائمہ کے بھی اہم مآخذ اور مصادر سے استفادہ کیا گیا ہے۔
شرح کا حاشیہ: - شرح کا حاشیہ علوم ونکات سے لبریز ہے، اس میں شارح نے جہاں فقہ حنفی ، اصول فقہ حنفی اور مذاہبِ اربعہ کے اولین مآخذ اور مصادر کے حوالہ جات کا اہتمام کیا ہے، وہیں شرح میں استعمال ہونے والے بعض دقیق اور مشکل الفاظ کی لغوی وصرفی تحقیق کی ہے، فقہ اور اصول فقہ کے معتبر مصادر کے حوالے کے ساتھ بہت سے مضامین، مسائل، اصول اور قواعد کی مزید وضاحت کی ہے، کتاب میں مذکور آیات واحادیث کے باقی اجزاء کو پیش کیا ہے، بعض کتابوں کا مختصر اور جامع تعارف کرایا گیا ہے۔
مصادر ومراجع: - کتاب کے اخیر میں مصادر ومراجع کی فہرست ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ شارح نے اصول الشاشی کی شروحات، تعلیقات کے ساتھ تفسیر، حدیث، لغت، تراجم، فہرست، مذاہبِ اربعہ کے اولین فقہی مصادر، اصولی مآخذ اور کتبِ فتاوی سے مضامین کشید کر کے یہ بے نظیر شرح مرتب فرمائی ہے۔ شرح میں تقریباً ستاسی (٨٧)اہم کتابوں سے استفادہ کیا گیا ہے۔
تقریظیں: - کتاب پر بحر العلوم مولانا نعمت اللہ اعظمی دامت برکاتہم العالیہ اور دیگر اہل علم کی گراں قدر تقریظیں ہیں، جس سے کتاب کے استناد واعتبار میں اضافہ ہوتا ہے۔
شارح:
مفتی محمد ذیشان احمد قاسمی صاحب زید فضلہ بڑے باتوفیق عالم دین ہیں، اس سے پہلے بھی ان کی کئی بیش قیمت کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں، جیسے (١) السلافہ من روائع الشعر وبدائعہ (٢) فض الاصداف عن درۃ الاحناف شرح موضوعی علی مختصر القدوری (٣) القراءۃ الادبیہ (٤) کیف تکتب الاختبار باللغۃ العربیۃ وغیرہ اور ان کتابوں نے نہ صرف عام علمی حلقہ؛ بلکہ خواص اور اکابر علما کے نزدیک بھی بے پناہ مقبولیت حاصل کی ہے، وللہ الحمد!
زیرِ مطالعہ کتاب ’’ الوافی شرح اصول الشاشی‘‘ بھی مفتی صاحب کی طرف سے اصولِ فقہ اور بالخصوص اصول الشاشی کے طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایک بے نظیر علمی سوغات ہے، ان شاء اللہ یہ کتاب ہر استاذ کی ضرورت اور ہر طالب عالم کے لیے رہبر ثابت ہوگی۔ اللہ تعالی شارح موصوف کو صحت وعافیت کے ساتھ طویل عمر عطا فرمائے اور تا عمر اسی طرح علمی کاموں کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
نوٹ:
مؤلفِ محترم، مکتبہ ہادیہ (فون: +91 8466838457) اور دیوبند کے تمام کتب خانوں سے یہ کتاب حاصل کی جا سکتی ہے۔