حالیہ پارلیمانی انتخابات میں نئی دہلی کی جامع مسجد کے امام مولانا محب اللہ ندوی رامپور سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔وہ کسی مسجد کے پہلے امام ہیں جنھیں پارلیمنٹ کی رکنیت ملی ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس مسجد میں لوگوں کی دلچسپی بڑھی ہے اور وہ اس کی طرف متوجہ ہوئے ہیں۔یہ مسجدپارلیمنٹ کے بہت نزدیک واقع ہے ۔میں تقریباً 42 برسوں سے اس مسجد میں نمازجمعہ ادا کرتا رہا ہوں، اس لیے اس سے میری بہت سی یادیں وابستہ ہیں،ملاحظہ فرمائیں۔
ریڈ کراس روڈ کے آخری سرے پر واقع اس مسجد کو عام طورپر پارلیمنٹ کی مسجدکے نام سے جانا جاتا ہے، لیکن 1940 کے سرکاری گزیٹر میں یہ’مسجد کونسل ہاؤس‘ کے نام سے درج ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کو اس زمانے میں کونسل ہاؤس ہی کہا جاتا تھا۔مسجد کے مغرب میں سابق صدرجمہوریہ فخرالدین علی احمد کی آخری آرام گاہ بھی ہے۔ میں جب1982 میں آل انڈیا ریڈیو کے جریدے ”آواز“سے وابستہ ہوا تو جمعہ کی نماز اسی مسجد میں ادا کرتا تھا۔ اس کے بعد جب پارلیمنٹ کی کارروائی کی رپورٹنگ شروع کی تو اجلاس کے دوران نماز جمعہ پابندی سے ادا کرنے لگا۔عام طور پر یہاں مرکزی حکومت کے مسلم ملازمین جمعہ کی نماز اداکرتے ہیں، لیکن جب پارلیمنٹ کا اجلاس ہوتا ہے تو یہاں کی چہل پہل بڑھ جاتی ہے۔ کیونکہ یہاں اکثر مسلم ممبران پارلیمنٹ، وزراء اور دیگر سیاست داں نماز جمعہ ادا کرنے آتے ہیں۔ یہاں نماز پڑھنے کا ایک مقصد اہم شخصیات سے ملاقات کا شوق بھی ہوتا ہے۔لیکن یہاں میں نے کچھ عبرتناک مناظر بھی دیکھے ہیں، جن کا تذکرہ آگے چل کر آئے گا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ جب کبھی مسلم ملکوں کے سربراہ ہندوستان کے دورے پر آتے ہیں تو وہ بھی یہیں نمازجمعہ ادا کرتے ہیں۔ اندرا گاندھی کے دور میں جب پاکستان کے صدر ضیاء الحق ہندوستان آئے تھے تو انھوں نے بھی جمعہ کی نماز اسی مسجد میں ادا کی تھی۔یہ بات بھی کم دلچسپ نہیں ہے کہ 1940 میں سنی اوقاف دہلی کے صدر لیاقت علی خاں اور گورنر جنرل کے درمیان معاہدہ کے تحت جن 42 مسجدوں اور قبرستانوں کو مسلمانوں کے حوالے کیا گیا تھا، ان میں یہ مسجد بھی شامل تھی۔ یہی لیاقت علی خاں بعد کو پاکستان کے پہلے وزیراعظم بنے۔اس مسجد کی تعمیر مغلیہ عہد میں 300 سال پہلے ہوئی تھے۔ جب انگریزوں نے دہلی کو پایہ تخت بنایا اور اس کی توسیع کی تب بھی یہ مسجد موجود تھی۔یہ مسجد 1970 میں گزٹ ہوئی۔
مجھے یاد ہے کہ ایک بار افغانستان کے صدر صبغۃ اللہ مجددی یہاں نماز جمعہ پڑھنے آئے تو امام صاحب نے منبر ان کے حوالے کردیا۔ انھوں نے خطبہ پڑھا اور نماز بھی ادا کرائی۔ اس مسجد کے امام قاری محمدادریس مرحوم تھے، جنھوں نے سب سے طویل مدت تک یہاں نماز پڑھائی۔ ان کا تقرر1947 کے بعد ہواتھا اور 16/جنوری 2005کو اپنے انتقال تک وہی امامت کی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے۔وہ اپنے ہجرے میں بیماروں اور پریشان حالوں کا روحانی علاج بھی بلا معاوضہ کیاکرتے تھے۔قاری ادریس صاحب مٹیا محل میں ہمارے پڑوسی تھے اور ان کے گھر میں ہمارا آنا جانا تھا۔بہت کم گو اور گوشہ نشین قسم کے انسان تھے۔یہ مسجد دہلی وقف بورڈ کے انتظام ہے، لیکن وقف بورڈ نے اس کے رکھ رکھاؤ پر کبھی توجہ نہیں دی۔ مجھے یاد ہے کہ 1996میں بل کی عدم ادائیگی کے سبب مسجد کی بجلی کاٹ دی گئی تھی اورمسجد میں اندھیرا چھاگیا تھا۔کئی مہینے ایسے ہی بیت گئے۔ بجلی کا بل ایک لاکھ روپے سے زیادہ کا تھا اور وقف بورڈ اسے ادا کرنے پر قادر نہیں تھا۔ ایک روز پاس میں ہی واقع گردوارہ سیس گنج سے کچھ سکھ حضرات مغرب کے وقت اپنے ہاتھوں میں پیٹر ومیکس لے کر آئے۔ یہ گیس سے روشن ہونے والی لالٹینیں تھیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ مسجد کو ہدیہ کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ خدا کے گھر میں اندھیرا اچھا نہیں لگتا۔ مگر قاری صاحب نے انکار کردیا اور وہ اپنے جذبہ صادق سمیت واپس ہوگئے۔ اسی دوران میں نے ایک رپورٹ لکھی، جس میں مسجد کی بجلی بحال نہ ہونے میں وقف بورڈ کی لاپروائی کا تذکرہ تھا۔ قاری صاحب ناراض ہوگئے کہ میں نے اس معاملے کو اخبار میں کیوں اچھالا۔بہرحال اخبار میں تفصیلی خبر شائع ہونے کے بعد ہی وقف بورڈ متحرک ہوا اور بجلی کا بل ادا کیا گیا۔ شاید کسی مخیر شخص نے اس کی ادائیگی کی تھی۔2014میں اس مسجد کی قسمت اس وقت چمکی جب کیرل کے معروف تاجر یوسف علی (مالک لولو مال)نے لاکھوں روپے خرچ کرکے اس مسجد کی شاندار انداز میں تزئین کروائی۔مسجد کی چھتیں، وضو خانہ، اندرونی نقش ونگار، ایئر کنڈیشنڈ سب کچھ نئے انداز میں بنائے گئے۔آج یہ مسجد تمام جدید سہولتوں سے آراستہ ہے۔اس سے قبل مسجد کی تجدید جنوری 1946ں بھارت کیمیکل ورکس کلکتہ کے مالک شیخ محمدسعیدوشیخ محمد حنیف کی والدہ کی طرف سے کرائی گئی تھی، جس کا کتبہ بھی مسجد کی دیوار پر نصب ہے۔اب اس مسجدکے امام مولانا محب اللہ ندوی ہیں،جن کا تعلق رامپور سے ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مولانا ابوالکلام آزاد، سابق صدرڈاکٹر ذاکرحسین اور فخرالدین علی احمد بھی یہیں نمازجمعہ ادا کیا کرتے تھے۔ آخری شخصیت نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری کی ہے، جو اکثر یہاں نمازجمعہ ادا کرتے ہیں۔اس کے نمازیوں میں غلام محمودبنات والا، ابراہیم سلیمان سیٹھ، مرکزی وزیر ضیاالرحمن انصاری،جعفر شریف،عبدالرحمن انتولے، سید شہاب الدین، پروفیسر سیف الدین سوز، ڈاکٹر شفیق الرحمن برق اور الیاس اعظمی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
پارلیمنٹ کی یہ مسجد بہت سے سیاسی اتارچڑھاؤ کی بھی گواہ بنی ہے۔ میں نے گزشتہ بیالیس سال کے دوران یہاں عروج وزوال کی بہت سی عبرتناک داستانیں دیکھی ہیں۔ ایک زمانہ تھا کہ سید شہاب الدین جب یہاں نمازپڑھنے آتے تھے تو ان کے مداحوں کا ہجوم انھیں ایسے ہی گھیر لیتا تھا جیسا کہ آج کل اسد الدین اویسی کو گھیر لیتا ہے۔قوم کا ایک عجیب مزاج یہ ہے کہ جب کوئی اقتدار میں ہوتا ہے تو اس کی خوب پرستش ہوتی ہے، لیکن جیسے ہی وہ اقتدار سے محروم ہوجاتا ہے تواس سے منہ پھیر لیتی ہے۔سید شہاب الدین جب پارلیمنٹ میں نہیں تھے تو ان کا دفتر فیروزشاہ روڈ پر کسی ممبر پارلیمنٹ کی کوٹھی میں تھا، جہاں سے وہ”مسلم انڈیا“شائع کرتے تھے۔ ان کے پاس ایک پرانی فیئٹ کارتھی جسے وہ خود ہی چلایا کرتے تھے۔ایک روز وہ بغیر گاڑی کے نماز پڑھنے آئے مگر واپسی پر کوئی انھیں لفٹ دینے کو تیار نہیں ہوا۔ انھوں نے وہاں موجود کئی گاڑی والوں سے کہا مگر سب نے انکار کردیا۔ میں یہ منظر دیکھ رہا تھا۔بعد کو میں نے انھیں فیروزشاہ روڈ تک پہنچایا۔
دیوے گوڑا کی حکومت میں سب سے طاقتور وزیر سی ایم ابراہیم تھے جو رنگین چشمہ لگاکر اس مسجد میں نماز پڑھنے آتے تھے۔ ان کا انداز مافوق البشر جیسا تھا۔ نئے نئے وزیر بنے تھے۔ بلا کی تمکنت تھی۔ شہزادوں کی طرح چلتے تھے، لیکن ان کا عروج دیوے گوڑا کے زوال تک ہی رہا۔ بعد میں وہ جب کبھی اس مسجد میں آئے تو کسی نے ان کی طرف نظر بد بھی نہیں ڈالی۔ ایسے کئی واقعات ہیں جو عروج وزوال کی کہا نیاں بیان کرتے ہیں، لیکن میں فی الحال ان ہی پر اکتفا کرتا ہوں۔یہ مسجد آزادی کے بعد مسلم قیادت کے عروج وزوال کی گواہ رہی ہے۔
پارلیمنٹ کی مسجد : ایک تعارف معصوم مرادآبادی
Related Posts
گھر میں اعتکاف
گھر میں اعتکاف محمد رضی الاسلام ندوی سوال :کیا کوئی عورت رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اپنے گھر میں اعتکاف کرسکتی ہے؟ کیا بوڑھے یا معذور مردوں کے لیے گھروں میں اعتکاف کرنے کی اجازت ہے؟ کیا وہ شخص جو کسی عذر کی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکے، اعتکاف کرسکتا ہے؟ کیا وہ لڑکے اور لڑکیاں جو کالج میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، باقی اوقات میں اعتکاف کرسکتے ہیں؟ جواب :پہلی بات یہ کہ اللہ کے رسول ﷺ نے اعتکاف ماہِ رمضان کے پہلے عشرے میں کیا ہے، دوسرے عشرے میں بھی کیا ہے، لیکن پھر آخری عشرے میں اعتکاف کرنے کو معمول بنالیا تھا۔دوسری بات یہ کہ آپ نے ہمیشہ اعتکاف مسجد میں کیا ہے۔ آپ کے ساتھ بعض صحابہ بھی اعتکاف کرتے تھے اور امہات المؤمنین کے بارے میں بھی مروی ہے کہ وہ مسجد نبوی میں اعتکاف کیا کرتی تھیں۔ عہد نبوی میں کسی صحابی یا صحابیہ کا مسجد کے بجائے کہیں اور اعتکاف کرنا ثابت نہیں ہے۔ قرآن مجید میں بھی اعتکاف کا ذکر مسجد کے ساتھ خاص کیا گیا ہے: وَأَنْتُمْ عَاكِفُونَ فِي الْمَسَاجِدِ [البقرة: 187]” اس حال میں کہ تم مسجدوں میں معتکف ہو۔“فقہ حنفی میں چوں کہ عورتوں کا نماز باجماعت کے لیے مسجد میں جانا مکروہ قرار دیا گیا ہے، اس لیے انھیں گھروں میں اعتکاف کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ گھر کی وہ جگہ جسے نماز پڑھنے کے لیے خاص کیا گیا ہو، وہاں عورت اعتکاف کرسکتی ہے۔مردوں کے لیے گھروں میں اعتکاف کرنا جائز نہیں۔ وہ صرف مسجد میں اعتکاف کرسکتے ہیں۔ بوڑھے اور معذور افراد کے لیے بھی گھروں میں اعتکاف کرنے کی گنجائش نہیں۔رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کیے جانے والے مسنون اعتکاف کے لیے احناف اور مالکیہ کے نزدیک شرط ہے کہ اعتکاف کرنے والا روزے سے ہو۔ بغیر روزے کے اعتکاف درست نہیں ہوگا۔ اس لیے اگر کوئی شخص کسی عذر کی بنا پر روزہ رکھنے پر قادر نہ ہو تو وہ اعتکاف بھی نہیں کرے گا۔ شوافع اور حنابلہ کے نزدیک اعتکاف کے لیے روزہ شرط نہیں۔…
Read moreروزہ کی اہمیت احادیثِ نبوی ﷺ کی روشنی میں
روزہ کی اہمیت احادیثِ نبوی ﷺ کی روشنی میں اسلام ایک جامع دین ہے، جس کی بنیاد چند ایسے مضبوط ستونوں پر رکھی گئی ہے جو فرد اور معاشرے دونوں کی اصلاح کرتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:«بُنيَ الإسلامُ على خمسٍ…»اسلام کی عمارت پانچ ستونوں پر قائم کی گئی ہے، جن میں روزہ ایک بنیادی اور مرکزی ستون ہے۔ یہ محض بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں، بلکہ ایمان، تقویٰ، صبر اور اطاعتِ الٰہی کی عملی تربیت ہے۔رمضان اور روحانی فضاحضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:«إذا جاء رمضان، فُتِّحت أبوابُ الجنة، وغُلِّقت أبوابُ النار، وصُفِّدت الشياطين»جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، اور شیاطین جکڑ دیے جاتے ہیں۔ یہ حدیث اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ رمضان نیکی کے مواقع کا مہینہ ہے، جس میں اللہ تعالیٰ بندوں کے لیے ہدایت، مغفرت اور قرب کے راستے آسان فرما دیتا ہے۔روزہ داروں کا خاص اعزازرسول اللہ ﷺ نے فرمایا:«إن في الجنة بابًا يقال له الريّان، يدخل منه الصائمون يوم القيامة…»جنت میں ایک دروازہ ہے جسے ریّان کہا جاتا ہے، اس میں صرف روزہ دار داخل ہوں گے۔یہ روزہ داروں کے لیے ایسا خصوصی شرف ہے جو کسی اور عبادت کو حاصل نہیں۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ روزہ اللہ کے نزدیک کس قدر محبوب عمل ہے۔مغفرتِ گناہ کا ذریعہصحیحین میں ہے:«من صام رمضان إيمانًا واحتسابًا غُفر له ما تقدّم من ذنبه»جس نے ایمان اور ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے، اس کے پچھلے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔ یہ حدیث روزے کی نیت اور اخلاص کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے کہ صرف رسم نہیں، بلکہ شعوری عبادت ہی نجات کا ذریعہ بنتی ہے۔روزہ: اللہ کے لیے خاص عبادتحدیثِ قدسی میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:«كل عمل ابن آدم له إلا الصيام، فإنه لي وأنا أجزي به»ابنِ آدم کا ہر عمل اسی کے لیے ہے، مگر روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دیتا ہوں۔روزہ ایک مخفی عبادت ہے،…
Read more