مطالعۂ سیرت: مرحلہ وار رہنمائی
از : آدم علی ندوی
سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا مطالعہ ہر مسلمان کے لیے محض ایک علمی مشغلہ نہیں بلکہ دینی ضرورت اور عملی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ، آپ کے حالات و واقعات، اخلاق و عادات، معاملات اور معمولات سے واقفیت انسان کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کی طرف لے جاتی ہے، اور یہی ایک مسلمان کی زندگی کا اصل مقصد ہے۔ ہماری زندگی اور ہمارے ذہن و دماغ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اس طرح رچ بس جانی چاہیے کہ زندگی کے ہر مرحلہ اور ہر موڑ پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی رہنمائی ہمارے سامنے موجود ہو اور ہمیں یہ احساس رہے کہ اس موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور اسوہ کیا تھا۔
یہ کیفیت محض ایک مرتبہ سیرت پڑھ لینے سے پیدا نہیں ہوتی، اس کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا بار بار مطالعہ، مختلف زاویوں سے مطالعہ اور بتدریج گہرائی کی طرف بڑھنا ضروری ہے۔ سیرت کا حقیقی مطالعہ وہ ہے جو معلومات سے آگے بڑھ کر محبت، تعلق، اتباع اور عملی تبدیلی پیدا کرے۔
سیرت کا وسیع ذخیرہ اور انتخاب کا مسئلہ
جب کوئی قاری سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا مطالعہ شروع کرنا چاہتا ہے تو اس کے سامنے سیرت کی کتابوں کا ایک عظیم اور ضخیم ذخیرہ ہوتا ہے۔ یہ ہمارے اکابر اور اہل علم کی غیر معمولی علمی خدمت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ پر اس قدر وسیع لٹریچر تیار کیا کہ صرف سیرت ہی کے موضوع پر ایک بڑی مستقل لائبریری قائم کی جا سکتی ہے۔ دیگر زبانوں کو چھوڑ دیجیے، صرف اردو زبان میں ہی سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر سیکڑوں، بلکہ ہزاروں کتابیں موجود ہیں۔ یہ وسعت بھی آیت مبارکہ وَرَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَ کی عملی اور علمی تفسیر ہے۔
لیکن اس کثرتِ کتب کے ساتھ ایک اہم مسئلہ بھی پیدا ہوتا ہے، قاری کس کتاب سے آغاز کرے؟ یہ مشکل صرف مبتدی کو نہیں، متوسط قاری کو بھی پیش آتی ہے، بلکہ بعض اوقات منتہی طالب علم کے لیے بھی یہ انتخاب آسان نہیں رہتا کہ سیرت کے مطالعہ کا آغاز کس کتاب سے کیا جائے، کس مرحلہ میں کون سی کتاب پڑھی جائے، سیرت کے کن پہلوؤں کو پہلے سمجھا جائے اور کن مباحث کو بعد کے لیے رکھا جائے۔
بسا اوقات طالب علم کسی کتاب کی شہرت، اس کے مصنف کے علمی مقام یا اہل علم کی تحسین سے متاثر ہو کر اسے مطالعہ کے پہلے ہی مرحلہ میں اٹھا لیتا ہے، لیکن کتاب کی علمی سطح اس کے موجودہ ذوق اور استعداد سے بلند ہوتی ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ کتاب کو سمجھنا اور اس کے مباحث کو ہضم کرنا دشوار ہو جاتا ہے اور سیرت سے انس و محبت پیدا ہونے کے بجائے ایک طرح کی دوری پیدا ہونے لگتی ہے۔ مثال کے طور پر سیرت النبی/علامہ شبلی و سلیمان ندوی جیسی علمی، تحقیقی اور وسیع کتاب کا مطالعہ کس مرحلہ میں کیا جائے اور اس کے دقیق مباحث کو طالب علم کب بہتر طور پر سمجھ سکتا ہے، یہ جاننا خود مطالعۂ سیرت کا ایک اہم حصہ ہے۔
یہ حقیقت اپنی جگہ مسلم ہے کہ سیرت نبوی پر بہت سی کتابیں لکھی جا چکی ہیں۔ سیرت کے مختلف موضوعات پر مسلسل سیمینار اور علمی نشستیں منعقد ہوتی رہتی ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کو مختلف زاویوں سے پیش کیا جاتا ہے، تقریباً ہر اہم کتاب کا تعارف اور تجزیہ بھی سامنے آچکا ہے، مصنفین کے اسلوب و طرز نگارش کا جائزہ لیا جا چکا ہے اور یہ بھی واضح کیا جا چکا ہے کہ کون سی کتاب کس منہج اور اسلوب پر لکھی گئی ہے۔
لیکن ان تمام علمی کاوشوں کے باوجود ایک اہم سوال اپنی جگہ باقی ہے:
سیرت کے مطالعہ کی ترتیب کیا ہو؟
یعنی ایک طالب علم ابتدا میں کیا پڑھے؟
اس کے بعد کون سی کتاب اس کے مطالعہ میں شامل ہو؟ علمی و تحقیقی مباحث کی طرف کب منتقل ہو؟ سیرت کے فنی اور منہجی پہلوؤں کو کس مرحلہ میں سمجھا جائے؟ فقہ السیرۃ، مقاصدِ سیرت اور بنیادی مصادر تک رسائی کب حاصل کی جائے؟
اس سوال کی باقاعدہ اور تحریری شکل میں عمومی رہنمائی ابھی نہایت کم دکھائی دیتی ہے۔ اگرچہ اہلِ علم انفرادی طور پر اپنے اپنے ذوق، تجربے اور متعلقین کی علمی سطح کو سامنے رکھ کر رہنمائی فرماتے ہیں، لیکن ایک عمومی ترتیب بھی ضروری ہے جو ایک عام طالب علم کے لیے رہنما خطوط فراہم کر سکے۔
یقیناً سیرت کے طالب علم کے مزاج، ذوق، علمی استعداد، عمر اور سابقہ مطالعہ کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔ ہر شخص کے لیے ایک ہی نصاب اور ایک ہی ترتیب مناسب نہیں ہو سکتی۔ تاہم ایک عمومی، متوازن اور تدریجی انتخاب پیش کیا جا سکتا ہے، جس سے استفادہ کرنے والا اپنی ضرورت کے مطابق کمی بیشی بھی کر سکے۔
پہلا مرحلہ: محبت، انس اور تعلق پیدا کرنا
سیرت کے مطالعہ کا پہلا مرحلہ یہ ہونا چاہیے کہ قاری کے دل میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت پیدا ہو، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس سے قلبی تعلق قائم ہو اور وہ آپ کی زندگی کو اپنے لیے نمونہ اور آئیڈیل سمجھنے لگے۔ اسی لیے ابتدائی مرحلہ میں ایسی کتابوں کو شامل کیا جانا چاہیئے جن کی زبان نہایت آسان، اسلوب دل نشیں اور بیان عام فہم ہو۔ یہ کتابیں قاری کو خشک تاریخی معلومات کے بجائے ذات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور شغف عطا کرتی ہیں۔
ایسا مطالعہ قاری کے دل میں سیرت کے لیے ایک ایسی طلب پیدا کرتا ہے کہ اس کے ذہن و دماغ سے گویا "ھلْ مِنْ مَزِید” کی صدا آنے لگتی ہے۔ جب محبت اور شوق پیدا ہو جائے تو علمی اور تحقیقی مطالعہ زیادہ بامعنی اور مؤثر ہو جاتا ہے۔
دوسرا مرحلہ: حیات طیبہ کا جامع اور آسان مطالعہ(زمانی مطالعہ)
محبت اور شوق کی بنیاد قائم ہوجانے کے بعد دوسرے مرحلہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی کو ایک مربوط اور مسلسل واقعہ کے طور پر پڑھنا ضروری ہے۔ اس مرحلہ میں ایسی کتابیں مناسب ہیں جن میں ولادت مبارکہ سے وفات تک حیات طیبہ کے اہم مراحل، مکی و مدنی زندگی، دعوت و تبلیغ، ہجرت، غزوات، معاشرتی و سیاسی زندگی اور دیگر اہم واقعات کو سادہ اور قابلِ فہم انداز میں پیش کیا گیا ہو۔
یہ مرحلہ طالب علم کو سیرت نبوی کا ایک جامع نقشہ فراہم کرتا ہے۔ اب اسے معلوم ہو جاتا ہے کہ بعثت سے پہلے عرب کا ماحول کیا تھا، مکی دور کی دعوت کیسے آگے بڑھی، ہجرت کیوں ہوئی، مدینہ میں اسلامی معاشرہ کس طرح تشکیل پایا، مختلف غزوات و سرایا کا پس منظر کیا تھا اور نبوی دور کے اختتام تک اسلامی دعوت نے کس طرح وسعت اختیار کی۔
تیسرا مرحلہ: سیرت کا علمی، فنی اور تحقیقی مطالعہ
جب طالب علم سیرت طیبہ کا بنیادی اور جامع تصور حاصل کرلے تو اسے علمی اور تحقیقی کتابوں کی طرف منتقل ہونا چاہیے۔ اس مرحلہ میں محض واقعات جاننا مقصود نہیں رہتا بلکہ واقعات کے مصادر، روایات کی نوعیت، تاریخی پس منظر، مختلف روایتوں میں تطبیق، واقعات کی حکمت اور ان کے نتائج کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنا مطلوب ہوتی ہے۔
اس مرحلہ میں سیرت کو محض تاریخی واقعات کے مجموعہ کے طور پر نہیں بلکہ فکر، دعوت، تہذیب، اخلاق اور انسانی رہنمائی کے وسیع تناظر میں سمجھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
سیرت کے وسیع مطالعہ کے بعد طالب علم کو یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ سیرت نگاری ایک مستقل علمی فن ہے۔ اس کے مصادر کیا ہیں؟ روایت و درایت کا مقام کیا ہے؟ قرآن، حدیث، مغازی اور تاریخی مصادر سے کس طرح استفادہ کیا جاتا ہے؟ واقعات کے انتخاب اور ترتیب کے اصول کیا ہیں؟ ایک سیرت نگار تاریخی مواد کی جانچ کس طرح کرتا ہے؟ اور سیرت کے مطالعہ میں محض واقعہ نگاری اور علمی تحقیق کے درمیان کیا فرق ہے؟
خصوصا سیرت النبی/علامہ شبلی و سلیمان ندوی کا مطالعہ اس وقت زیادہ مفید ہوگا جب طالب علم بنیادی سیرت سے اچھی طرح واقف ہوچکا ہو۔ یہ کتاب سیرت کے واقعات کو علمی، تاریخی اور تحقیقی بنیادوں پر دیکھنے کا ذوق پیدا کرتی ہے اور مختلف اعتراضات، روایات اور تاریخی مباحث سے بھی متعارف کراتی ہے۔ اس لیے اسے ابتدائی کتاب کے بجائے علمی پختگی کے مرحلہ میں رکھنا زیادہ مناسب ہے،اس کے مطالعہ سے طالب علم کو نہ صرف سیرت کے واقعات کی گہری معرفت حاصل ہوتی ہے بلکہ سیرت نگاری کے علمی منہج، استدلال، تاریخی تنقید اور اعتراضات کے جوابات سے بھی واقفیت ہوتی ہے۔
چوتھا مرحلہ: شمائل، اخلاق، عادات اور روزمرہ کی زندگی
سیرت کے علمی مطالعہ میں ایک کمی عموماً رہ جاتی ہے:وہ یہ کہ عملی اور شخصی زندگی کے پہلو نگاہوں سے اوجھل ہوجاتے ہیں۔
طالب علم سیرت کے بڑے بڑے واقعات، غزوات، سیاسی حالات اور تاریخی مراحل سے تو واقف ہوجاتا ہے، لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے شمائل، اخلاق، عادات، نشست و برخاست، گفتگو، گھر کے معمولات، اہل خانہ سے برتاؤ، صحابہ کے ساتھ معاملہ، عبادت، کھانے پینے، لباس اور روزمرہ زندگی کے دیگر پہلوؤں سے اس کا تعلق نسبتاً کم رہ جاتا ہے۔
حالانکہ سیرت کا اصل مقصد ہی یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لیے قابلِ اتباع نمونہ بنے۔
عام طور پر سیرت کی کتابوں میں ولادت سے وفات تک کے واقعات، مکی و مدنی ادوار اور غزوات کی تفصیلات زیادہ نمایاں ہوتی ہیں۔ بعض کتابوں میں قبلِ بعثت کے حالات بھی ملتے ہیں، لیکن شمائل، اخلاق، عادات اور روزمرہ کے معمولات کو مستقل اور تفصیلی حیثیت نہیں ملتی۔ جبکہ مطالعۂ سیرت کی ترتیب میں اس پہلو کو بھی باقاعدہ شامل کیا جانا چاہیئے، تاکہ سیرت کا یہ نہایت اہم حصہ تشنہ نہ رہ جائے۔
خاص طور پر شمائلِ ترمذی کا مطالعہ طالب علم کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ظاہری و باطنی شخصیت، اخلاق و عادات اور روزمرہ کے معمولات سے قریب کرتا ہے۔ یہ مطالعہ سیرت کے علمی فہم کو محبت، تعلق اور عملی اتباع سے جوڑتا ہے۔
پانچواں مرحلہ: فقہ السیرۃ، مقاصدِ سیرت اور موضوعاتی مطالعہ
سیرت کا مطالعہ صرف واقعات کی معرفت پر ختم نہیں ہونا چاہیے۔ سیرت کے پیچھے جو حکمتیں، اصول، مقاصد اور عملی رہنمائی موجود ہے، اسے سمجھنا بھی ضروری ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں فقہ السیرۃ کی ضرورت سامنے آتی ہے۔
طالب علم کو یہ دیکھنا چاہیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مختلف حالات میں کون سا طرزِ عمل اختیار فرمایا؟ دعوت کے اصول کیا تھے؟ مشکلات کے دور میں آپ کا منہج کیا تھا؟ ریاست، معاشرت، تعلیم، تربیت، اخلاق، معاملات، صلح، جنگ، عفو، عدل اور انسانی تعلقات کے حوالے سے آپ کی عملی رہنمائی کیا ہے؟
یعنی سیرت محض ماضی کا ایک تاریخی واقعہ نہ رہے، بلکہ زندگی کے مختلف حالات کے لیے رہنمائی کا زندہ سرچشمہ بن جائے۔انہیں واقعات سے دروس اخذ کرنے کی صلاحیت و استعداد پیدا ہو جائے۔
اس مرحلہ میں پہنچ کر طالب علم سیرت کے زمانی مطالعہ سے فارغ ہو چکا ہوتا ہے اور اس پر مکمل دسترس حاصل ہو چکی ہوتی ہے، اب وہ موضوعاتی مطالعہ کی طرف قدم بڑھا سکتا ہے اور سیرت کے مختلف موضوعات پر لکھی گئی کتابوں سے استفادہ کر سکتا ہے، اس مرحلہ میں ڈاکٹر محمد حمید اللہ کی کتابیں بڑی مفید ہو سکتی ہیں اور رہنما خطوط فراہم کر سکتی ہیں۔
چھٹا مرحلہ: بنیادی مصادر کی طرف رجوع
جب طالب علم سیرت کے مختلف ادوار، اہم واقعات، علمی مباحث، شمائل، اخلاق اور فقہ السیرۃ سے واقف ہو جائے تو اسے سیرت کے بنیادی مصادر کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔
اس مرحلہ پر طالب علم کو بالکل آزاد چھوڑا جا سکتا ہے، کیونکہ اب وہ اس منزل تک پہنچ چکا ہے جہاں وہ مراجع اور مصادر کی کتابوں سے براہ راست استفادہ کر سکتا ہے، روایات کے مختلف طرق کا تقابل کر سکتا ہے، اصل عبارتوں کو دیکھ سکتا ہے اور اپنے مطالعۂ سیرت کو تحقیقی بنیادوں پر استوار کرسکتا ہے۔
اس مرحلہ کا آغاز سیرت ابن ہشام سے ہونا ایک فطری اور مفید ترتیب ہے۔ اس کے بعد طالب علم اپنی علمی ضرورت اور تخصص کے اعتبار سے دیگر بنیادی مصادر کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ یہاں مقصد یہ ہے کہ وہ صرف ثانوی کتابوں کا قاری نہ رہے بلکہ سیرت کے اصل مآخذ تک رسائی حاصل کرے اور تحقیق کا ذوق پیدا کرے۔
مجوزہ مرحلہ وار کتبِ سیرت
ابتدائی مرحلہ
1. پیارے نبی ایسے تھے؟ — مائل خیرآبادی
2. ہمارے حضور — امۃ اللہ تسنیم
3. دُرِّ یتیم — ماہر القادری
4. رحمتِ عالم — سید سلیمان ندوی
5. سیرتِ رسولِ اکرم — سید ابوالحسن علی حسنی ندوی
6. ذکرِ رسول — عبد الماجد دریابادی
جامع اور آسان مطالعہ(زمانی مطالعہ)
7. نبیِ رحمت — سید ابوالحسن علی حسنی ندوی
8. الرحیق المختوم — صفی الرحمن مبارکپوری
9. رحمۃ للعالمین — قاضی سلیمان منصورپوری
10. محسنِ انسانیت — نعیم صدیقی
11. النبی الخاتم — مناظر احسن گیلانی
علمی و تحقیقی مطالعہ
12. خطباتِ مدراس — سید سلیمان ندوی
13. سیرت النبی — شبلی نعمانی و سید سلیمان ندوی
شمائل اور موضوعاتی مطالعہ
14. اُسوۂ رسولِ اکرم — عبدالحی عارفی
15. شمائلِ ترمذی — ترجمہ: شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی
فقہ السیرۃ
16. فقہ السیرۃ — سعید رمضان(اردو ترجمہ)
17. زاد المعاد — ابن قیم الجوزیہ(اردو)
بنیادی مصادر کا زینہ
18. سیرت ابن ہشام — ابن ہشام
مطالعۂ سیرت اور عملی زندگی
اس ترتیب میں ایک اہم بات ملحوظ رکھی گئی ہے کہ طالب علم کو ابتدا ہی میں مشکل علمی مباحث کے بوجھ تلے نہ دبایا جائے۔ پہلے دل کو سیرت سے جوڑا جائے، پھر ذہن کو سیرت سے آشنا کیا جائے، اس کے بعد علم و تحقیق کی طرف لے جایا جائے اور بالآخر اسے مصادر تک پہنچایا جائے۔
اس منصوبہ میں اس بنیادی حقیقت کا بھی لحاظ رکھا گیا ہے کہ: سیرت کا مطالعہ عمل کے بغیر ادھورا ہے۔اکثر علمی مطالعہ میں یہ کمی رہ جاتی ہے کہ معلومات میں اضافہ تو ہوتا رہتا ہے، لیکن عملی زندگی میں سیرت کا اثر نمایاں نہیں ہوتا۔ انسان کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حالات و واقعات معلوم ہوتے ہیں، غزوات کے نام یاد ہوتے ہیں، تاریخی مراحل سے واقفیت ہوتی ہے، سیرت کی متعدد کتابیں اس کی نگاہ سے گزر جاتی ہیں، لیکن اس کے اخلاق، معاملات، عبادات، معاشرت، گھر، بازار، تعلقات اور روزمرہ کی زندگی میں اسوۂ نبوی کی جھلک کم دکھائی دیتی ہے۔
کیا یہ ترتیب حتمی ہے؟
یہاں یہ بات بھی واضح رہنی چاہیے کہ اس ترتیب کو حتمی اور جامد نصاب نہیں سمجھنا چاہیے۔ طالب علم کی علمی استعداد، سابقہ مطالبہ، ذوق اور تخصص کے اعتبار سے اس میں کمی بیشی ہوسکتی ہے۔ کسی صاحبِ علم کے لیے بعض مراحل مختصر ہوسکتے ہیں اور کسی مبتدی کے لیے ایک ہی مرحلے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
ان مضامین کو بھی ضرور پڑھیں
ربیع الاول اور سیرت النبی ﷺ: آپ آئے تو سب کو ملی روشنی
سیرتِ رسول ﷺ میں دور اندیشی اور معاملہ فہمی | حاطب بن ابی بلتعہؓ کا واقعہ

