حضرت مفتی ثمین اشرف قاسمی کا انتقال۔ہندوستان بڑی علمی اور روحانی شخصیت سے محروم

از : مفتی ثناء الہدی قاسمی 

مفتی ثمین اشرف قاسمی کا انتقال، ہندوستان علمی و روحانی شخصیت سے محروم
مفتی ثمین اشرف قاسمی کا انتقال، ہندوستان علمی و روحانی شخصیت سے محروم

حضرت مولانا مفتی ثمین اشرف قاسمی صاحب بن حاجی محمد ابراہیم رحمۃاللہ علیہ ساکن مادھوپور سلطان پور ضلع سیتا مڑھی خلیفہ حضرت مولانا حکیم محمد اختر و پیر ذوالفقار نقشبندی اور حضرت مولانا قمر الزماں الہ آبادی کا آج ٣/ اکتوبر بعد نماز مغرب علی گڑھ میں انتقال ہو گیا وہ بہت دنوں سے علیل چل رہے تھے۔ عرصہ دراز تک وہ دبئی متحدہ عرب امارات کے بڑے حلقے بردبئی میں مصلی الحبتور کے امام و خطیب رہے، اسی مسجد میں ان کی ناصحانہ اور واعظانہ مجلسیں لگا کرتی تھیں ،وہ دبئی کی مسجد الغریر میں حدیث کا درس بھی دیا کرتے تھے، احادیث پر ان کی گہری نظر تھی،الحادیث القدسیہ کا ترجمہ و تشریح انہوں نے تجلیات قدسیہ کے نام سے کئی جلدوں میں کیا تھا ، اس کے علاوہ بھی ان کی کئی کتابیں ہیں ان کی چند کتابوں پر میری تحریریں بھی موجود ہیں جو ان کی خرد نوازی کا مظہر ہے،انہوں نے پوری زندگی عبادت و ریاضت تصنیف و تالیف اور روحانی تربیت میں لگا دی،انہوں نے علی گڑھ کو اپنا وطن ثانی بنا لیا تھا وہ بڑے بافیض عالم اور بزرگ تھے، دارالعلوم دیوبند کے زمانہ طالب علمی میں مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمود الحسن گنگوہی سے منسلک رہے ، ان کی مجلسوں کے بڑے حاضر باشوں میں ان کا شمار ہوتا تھا،ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کے نائب ناظم مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے کیا،ان کے انتقال پر حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم العالیہ، ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی سعید الرحمن قاسمی نے دلی صدمہ کا اظہار کیا،مفتی صاحب کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا فرمائی،مفتی صاحب کے بھائی مولانا رزین اشرف ندوی کی اطلاع کے مطابق ایک نماز جنازہ علی گڑھ میں ہونے کے بعد دوسری نماز جنازہ ٤/اکتوبربروز اتوار بوقت بعد نماز عصر ان کے آبائی گاؤں مادھوپور سلطان پور میں ادا کی جائے گی ، امارت شرعیہ کا ایک وفد حضرت امیر شریعت کے حکم اور ناظم امارت شرعیہ کے ایماء پر ان کے جنازہ میں شریک ہوگاجس کی قیادت حسب حکم مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی کریں گے۔


محسوس ہورہا ہے جوارِ خدا میں ہوں۔۔۔ڈاکٹر تابش مہدی جوار خدا میں!