فقہ اکیڈمی انڈیا کے پینتیسویں فقہی سیمینار میں شرکت و استفادہ
علمی و فقہی مباحث، اکابر کے قیمتی ارشادات اور چند یادگار لمحات
قاضی محمد حسن ندوی، مدھوبنی
استاد حدیث و فقہ دار العلوم ماٹلی والا بھروچ
فقہ اکیڈمی انڈیا کا پینتیسواں فقہی سیمینار 14، 15 اور 16 نومبر کو تمل ناڈو کے شہر سیلم کے معروف علمی ادارے مدرسہ مظاہر العلوم میں منعقد ہوا۔ اس سیمینار میں چار اہم موضوعات: (1) جسم میں تبدیلی، (2) استحسان، (3) مطلقہ اور بیوہ کا نفقہ، اور (4) سونے چاندی سے متعلق نئے مسائل زیرِ بحث آئے۔ الحمدللہ، راقم الحروف کو بھی اس علمی و فقہی اجتماع میں شرکت اور اکابر اہلِ علم سے استفادے کی سعادت حاصل ہوئی۔

چاروں موضوعات پر منعقد ہونے والی نشستیں نہایت علمی، پر کیف اور خوش گوار ماحول میں انجام پائیں۔ اس موقع پر مدرسہ مظاہر العلوم سیلم کے مہتمم اور منتظمِ اعلیٰ حضرت مولانا ابوالکلام صاحب مظاہری کے ہم تہِ دل سے ممنون و مشکور ہیں کہ انہوں نے اپنی وسعت کے مطابق فقہاء، مفتیانِ کرام اور دیگر معزز مہمانوں کے طعام و قیام اور آرام و راحت کا بہترین انتظام کرنے میں غیر معمولی محنت کی۔ اللہ تعالیٰ انہیں، ادارے کے تمام اساتذہ اور معاونین کو اپنی شانِ کریمی کے مطابق بہترین بدلہ عطا فرمائے۔ آمین!
فیصلے تک پہنچنے کا علمی و تحقیقی طریقۂ کار
فقہ اکیڈمی انڈیا کا طریقۂ کار اپنے اندر ایک خاص علمی نظم اور تحقیقی سنجیدگی رکھتا ہے۔ کسی بھی موضوع پر حتمی تجویز مرتب کرنے سے پہلے اس کے مختلف پہلوؤں پر گہری تحقیق کی جاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے بڑی تعداد میں فقہاء، مفتیانِ کرام اور اسلامی اسکالرز اپنے قیمتی مقالات تحریر کرتے ہیں۔ مقالہ نگار دن رات محنت کرکے قرآن مجید، احادیث و آثار اور ائمہ اربعہ کے مستند مصادر و مآخذ سے استفادہ کرتے ہوئے موضوع کے مختلف پہلوؤں کو واضح کرتے ہیں۔
اس کے بعد اکیڈمی کے علمی رفقاء تمام مقالات کا خلاصہ تیار کرتے ہیں۔ پھر موضوع کی مناسبت سے ایک جامع علمی عرض مرتب کی جاتی ہے، جسے متعلقہ نشست میں پیش کیا جاتا ہے۔ عرض پیش ہونے کے بعد مقالہ نگاروں کو سوالات، اعتراضات اور استفسارات کا موقع دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر اسٹیج پر تشریف فرما اکابر فقہاء اور ماہرین اپنے علم و تجربے کی روشنی میں تشفی بخش جوابات دیتے ہیں۔ اس کے بعد باہمی مذاکرے اور غور و خوض کے نتیجے میں اتفاقِ رائے یا شرکاءِ سیمینار کی اکثریت کی رائے سے تجویز منظور کی جاتی ہے۔
اس پورے عمل کی ایک قابلِ قدر خصوصیت یہ ہے کہ اگر کسی تجویز پر کسی مفتی یا مقالہ نگار کو اختلاف ہو تو ان کی رائے اور اختلاف کو بھی تجویز میں درج کرلیا جاتا ہے۔ اس طرح اختلافِ رائے کے باوجود اتفاق و اجتماعیت کا پہلو نمایاں رہتا ہے، اور مسئلے کے تمام اہم نکات سامنے آجاتے ہیں۔
اسی طرح جس مقالہ نگار کا مقالہ کسی موضوع پر زیادہ جامع، وقیع اور تحقیقی ہوتا ہے، عموماً اسی کو اس موضوع کی تجویز مرتب کرنے کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ بیوہ اور مطلقہ کے نفقے سے متعلق کمیٹی میں شرکت اور اس کے علمی مراحل سے استفادے کا موقع راقم الحروف کو بھی حاصل ہوا۔
کمیٹی کے تمام شرکاء باہمی مشورے سے کنوینر کے ذریعے تجویز مرتب کرواتے ہیں۔ اس کے بعد ہر سوال اور ہر شق کو دوبارہ تمام شرکاء کے سامنے پڑھا جاتا ہے۔ دلائل اور تعبیرات کے اعتبار سے اس پر ازسرِنو غور و خوض ہوتا ہے، ضروری اصلاحات کی جاتی ہیں اور عبارت کی نوک پلک درست کی جاتی ہے۔ پھر اکیڈمی کے علمی رفقاء اور ذمہ داران اس پر نظر ثانی کرتے ہیں۔ آخر میں مجلس کے سامنے اسے دوبارہ پڑھ کر مزید اصلاحات کی جاتی ہیں اور شرکاء کے اتفاقِ رائے سے اسے منظور کیا جاتا ہے۔
بہرحال، اس مرتبہ بھی حسبِ معمول 16 نومبر کو چاروں موضوعات سے متعلق تجاویز منظور ہوئیں، جو بعد میں سوشل میڈیا پر بھی آچکی ہیں۔ امید ہے کہ اہلِ علم اور متعلقین نے ان سے استفادہ کیا ہوگا۔ یہاں ان تجاویز کی تفصیلات دہرانا طوالت کا باعث ہوگا؛ اس لیے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ صرف وہ علمی نکات اور قیمتی باتیں قلم بند کی جائیں جو صدورِ مجالس، اکابر علماء اور مہمانِ خصوصی کے خطابات سے مستفاد ہیں۔
اکابر علماء کے خطابات سے چند علمی و فقہی نکات
1۔ فقہ اکیڈمی انڈیا: اخلاص و صدقِ نیت کا ثمرہ
پہلی مجلس کے صدارتی خطاب میں حضرت مولانا سفیان صاحب قاسمی نے فرمایا کہ فقہ اکیڈمی انڈیا ایک بافیض علمی ادارہ ہے، جس کے ذریعے پیش آمدہ جدید مسائل کا حل بڑی حد تک آسان ہوجاتا ہے۔ یہ دراصل حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کے اخلاص اور صدقِ نیت کی روشن دلیل ہے کہ ان کے قائم کردہ اس علمی سلسلے سے آج بھی امت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
2۔ مہمانوں کی قدر شناسی اور مدرسہ مظاہر العلوم سیلم کی تاریخ
اسی پہلی مجلس میں مدرسہ مظاہر العلوم سیلم کے شیخ الحدیث حضرت مولانا ابوالکلام صاحب مظاہری نے سب سے پہلے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ میرے پاس ایسے الفاظ نہیں جن کے ذریعے آپ حضرات کا شکریہ ادا کرسکوں۔ البتہ میں تہِ دل سے آپ سب کا ممنون و مشکور ہوں کہ آپ حضرات اپنی تمام تر مصروفیات چھوڑ کر یہاں تشریف لائے اور سفر کی تکالیف برداشت کیں۔
اس موقع پر انہوں نے ترمذی شریف اور مسند احمد کے حوالے سے یہ حدیث بھی پڑھ کر سنائی: من لَا يَشْكُرُ النَّاسَ لَا يَشْكُرُ اللّٰهَ ( جو لوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا، وہ اللہ کا شکر بھی ادا نہیں کرتا)
مولانا موصوف نے آخری نشست میں بھی سیمینار کی تیاریوں اور انتظامات کا تذکرہ کیا۔ اس دوران وہ بعض واقعات بیان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ ان کی گفتگو سے مہمانوں کے تئیں محبت، خلوص اور قدر شناسی کا جذبہ نمایاں تھا۔
مدرسہ مظاہر العلوم سیلم: نام کی وجہِ تسمیہ اور تعلیمی سفر
اسی موقع پر مولانا ابوالکلام صاحب نے مدرسے کے نام کی وجہِ تسمیہ اور اس کے قیام کی تاریخ بھی بیان فرمائی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد محترم حضرت مولانا شفیق صاحب رحمۃ اللہ علیہ، حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے خاص شاگردوں میں سے تھے۔ مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور سے فراغت کے بعد حضرت شیخ الحدیث نے انہیں سیلم میں ایک مکتب یا مدرسہ قائم کرنے کا حکم دیا۔ چنانچہ انہوں نے اس حکم کی تعمیل میں کام شروع کیا۔ حضرت شیخ الحدیث کی دعاؤں اور رہنمائی سے اس ادارے کا قیام عمل میں آیا اور انہی کے حکم کی مناسبت سے اس کا نام مدرسہ مظاہر العلوم رکھا گیا۔
یوں سہارنپور کے معروف ادارے کا نام مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور ہے، جب کہ سیلم کے اس ادارے کا نام مدرسہ مظاہر العلوم سیلم رکھا گیا۔
الحمدللہ، آج یہ ادارہ ابتدائی مکتب کی حدود سے نکل کر ایک باقاعدہ مدرسے کی شکل اختیار کر چکا ہے اور دن بدن ترقی کی منزلیں طے کررہا ہے۔ یہاں ابتدائی درجات سے دورۂ حدیث اور شعبۂ افتاء تک تعلیم کا نظم ہے۔ اس کے علاوہ بھی اس ادارے کے تحت کئی تعلیمی و دینی ادارے کام کررہے ہیں۔
اس موقع پر یہ شعر بے ساختہ یاد آگیا:
میں اکیلا ہی چلا جانبِ منزل مگر
لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا
3۔ اختلافِ رائے اور عوام سے علماء کے روابط کی اہمیت
حضرت مولانا عتیق احمد بستوی صاحب نے مختلف مجالس میں گفتگو کرتے ہوئے کئی اہم علمی اور بنیادی نکات پیش کیے۔ انہوں نے فقہ اکیڈمی انڈیا کے طریقۂ کار کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ اس کے علمی مناقشات میں شرکت کے بعد بعض اوقات اہلِ علم کی آراء میں بھی تبدیلی آجاتی ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے جنس کی تبدیلی کے مسئلے کی مثال پیش کی اور بتایا کہ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کی اس موضوع پر پہلے ایک رائے تھی، لیکن ماہر اطباء کی تحقیق اور مناقشے کے بعد ان کی رائے میں تبدیلی آئی، اور اس حقیقت کو تسلیم کیا گیا کہ طبی اعتبار سے جنس کی حقیقی تبدیلی ممکن نہیں ہوتی، جیسا کہ اس سیمینار میں منظور ہونے والی تجویز میں بھی واضح کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی مولانا موصوف نے علماء اور فقہاء کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ عوام سے اپنے روابط مضبوط رکھیں، ان کے حالات سے واقف رہیں اور ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں؛ کیونکہ شریعت کی رہنمائی اسی وقت زیادہ مؤثر انداز میں عوام تک پہنچ سکتی ہے جب علماء اور عوام کے درمیان مضبوط تعلق قائم ہو۔
4۔ تفہیمِ شریعت: علماء کی بنیادی ذمہ داری
حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے اپنی گفتگو میں متعدد اہم علمی و فکری نکات پیش کیے۔ انہوں نے فرمایا کہ دین کے بہت سے شعبے ہیں، لیکن ان میں ایک اہم شعبہ تفہیمِ شریعت کا ہے، یعنی شریعت کے احکام اور اس کے مقاصد کو سمجھنا اور سمجھانا۔ یہ بنیادی طور پر علماء کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے عہدِ صحابہ کی مثال دیتے ہوئے فرمایا کہ صحابۂ کرام کی تعداد کم نہیں تھی جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت اور زیارت کا شرف حاصل ہوا، لیکن تفہیمِ شریعت کا خصوصی مقام ہر ایک کو حاصل نہیں تھا؛ اس لیے کہ تمام صحابہ یکساں علمی صلاحیتوں کے حامل نہیں تھے اور نہ ہی سب میں استنباطِ احکام کی یکساں استعداد تھی۔
اسی لیے ذخیرۂ احادیث اور فقہِ صحابہ کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ تفہیمِ شریعت اور فقہی بصیرت کے میدان میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ، حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ اور حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ جیسے جلیل القدر صحابہ کا نمایاں مقام ہے۔
مولانا نے اس بات پر زور دیا کہ سائنسی ترقی اور جدید تحقیقات کے نتیجے میں جو نئے مسائل سامنے آرہے ہیں، ان کا شرعی حل پیش کرنا علماء، فقہاء اور مفتیانِ کرام ہی کی ذمہ داری ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ جدید علوم اور ماہرین کی تحقیقات سے واقفیت حاصل کریں اور ان کی روشنی میں شرعی رہنمائی فراہم کریں۔
سائل کے مزاج کے مطابق جواب دینے کی حکمت
مولانا رحمانی صاحب نے آخری نشست میں ایک نہایت اہم اور قابلِ توجہ بات ارشاد فرمائی کہ بعض سوالات کا جواب سائل کے مزاج، ذہنی کیفیت اور نفسیات کو سامنے رکھ کر دینا پڑتا ہے۔ ہر شخص کے لیے ایک ہی اندازِ جواب مؤثر نہیں ہوتا، بلکہ کبھی مخاطب کی ذہنی سطح اور اس کی کیفیت کے مطابق بات سمجھانا زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے اس نوجوان صحابی کا واقعہ بیان کیا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور زنا کی اجازت طلب کی۔ غور کیجیے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس موقع پر محض حرمتِ زنا کے دلائل بیان کرنے پر اکتفا نہیں فرمایا، بلکہ نہایت حکیمانہ اور دل نشین انداز اختیار کیا۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس نوجوان سے دریافت فرمایا کہ کیا تم یہ پسند کرو گے کہ کوئی شخص تمہاری ماں کے ساتھ ایسا کرے؟ اس نے عرض کیا: نہیں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیٹی، بہن اور دیگر محارم کے بارے میں بھی اسی طرح سوال فرمایا۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سمجھایا کہ جس عورت کے ساتھ تم یہ عمل کرنا چاہتے ہو، وہ بھی کسی کی ماں، بیٹی یا بہن ہے؛ جس طرح تم اپنے گھر کی عورتوں کے لیے اس عمل کو ناپسند کرتے ہو، دوسرے لوگ بھی اپنی عورتوں کے لیے اسے ناپسند کرتے ہیں۔
اس حکیمانہ اندازِ تربیت کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہ نوجوان اس گناہ سے توبہ کرنے پر آمادہ ہوگئے۔
اس واقعے سے یہ سبق ملتا ہے کہ دعوت و اصلاح اور تفہیمِ شریعت میں مخاطب کی نفسیات کو سمجھنا نہایت ضروری ہے۔ کبھی محض نقلی دلائل کے بجائے عقلی استدلال اور حکیمانہ اندازِ گفتگو سے بھی بات دل میں اتر جاتی ہے۔ یہی فقہی بصیرت اور حکمتِ دعوت کا ایک اہم پہلو ہے۔
5۔ تجویز مرتب کرنا ایک علمی امانت ہے
حضرت مولانا عبداللہ صاحب معروفی، استاذِ حدیث دارالعلوم دیوبند نے اپنے خطاب میں تجویز مرتب کرنے کی اہمیت اور اس کی نزاکت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ عرض تیار کرنا کوئی معمولی کام نہیں، بلکہ یہ بڑی امانت اور ذمہ داری کا کام ہے۔
انہوں نے فرمایا کہ کسی مسئلے پر مختلف اہلِ علم کی متعدد آراء سامنے آئیں تو ان کو کلیات اور اصولی پہلوؤں کے اعتبار سے ایک جامع تعبیر میں سمیٹنے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ مناقشے اور حتمی تجویز مرتب کرنے میں آسانی ہو۔
انہوں نے مزید توجہ دلائی کہ مکتبہ شاملہ پر محض اعتماد نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اس سے حاصل ہونے والی معلومات اور حوالوں کی اصل مآخذ سے تحقیق و تنقیح ضروری ہے۔ اسی طرح مصنوعی ذہانت (AI) سے استفادے میں بھی احتیاط برتنی چاہیے؛ محض اس پر اعتماد کرنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
6۔ مسائل کے حل میں علمی مصادر کی ترتیب کا لحاظ
شیخ الحدیث حضرت مولانا عبیداللہ صاحب الاسعدی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے ایک نہایت اہم علمی اصول کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے فرمایا کہ کسی مسئلے کا حل تلاش کرتے وقت ابتدا ہی میں متاخرین فقہاء کی کتابوں کی طرف رجوع نہ کیا جائے، بلکہ پہلے اصل مصادر کی طرف مراجعت کی جائے۔
اس سلسلے میں انہوں نے رہنمائی فرمائی کہ سب سے پہلے قرآن و حدیث، پھر اقوالِ صحابہ و تابعین سے متعلق مصادر، اس کے بعد فقہاء متقدمین کی کتابوں اور پھر متاخرین علماء کی تصنیفات سے استفادہ کیا جائے۔ آخر میں اردو فتاویٰ اور دیگر معاون مراجع کی طرف رجوع کیا جاسکتا ہے۔
یہ ترتیب درحقیقت طالب علم کو تحقیق کے بنیادی اصولوں سے واقف کراتی ہے اور اسے اصل مآخذ تک پہنچنے کا سلیقہ سکھاتی ہے۔
دلوں کو چھو لینے والا منظر: اختلاف بھی، احترام بھی
اس سیمینار کا ایک نہایت خوش نما اور سبق آموز منظر اس وقت دیکھنے کو ملتا ہے جب شعبۂ افتاء کے طلبہ علمی مناقشے میں حصہ لیتے ہیں۔ وہ نہ صرف سوالات کرتے ہیں، بلکہ بسا اوقات اکابر شیوخ کی آراء سے بھی اختلاف کرتے ہیں۔ تاہم ان کا اختلاف علمی دلائل اور مؤدبانہ انداز تک محدود رہتا ہے۔ وہ اختلاف تو کرتے ہیں، لیکن کسی کی شخصیت یا مقام و مرتبے کو مجروح نہیں کرتے۔
یہی علمی اختلاف کا وہ حسین اسلوب ہے جو ہمیں صحابۂ کرام، محدثین، فقہاء اور مجتہدین کے علمی منہج میں نظر آتا ہے۔ اختلافِ رائے کے باوجود باہمی احترام، وسعتِ قلبی اور علمی دیانت کا مظاہرہ کرنا ایک بڑی خوبی ہے۔
اس منظر سے ہمارے مدارس کے اساتذہ کو بھی سبق لینا چاہیے کہ اگر دورانِ درس کوئی طالب علم کسی مسئلے کے فہم کے لیے سوال کر بیٹھے تو اسے ناگواری سے نہ دیکھا جائے، بلکہ اس کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ بعض اساتذہ ایسے بھی ہوتے ہیں جو سوال کرنے والے طالب علم کو خوش دلی سے جواب دیتے ہیں اور اس کے لیے دعائیں کرتے ہیں۔ بلاشبہ یہی طرزِ عمل طلبہ میں علمی ذوق، تحقیق کی صلاحیت اور اعتماد پیدا کرتا ہے۔
اساتذہ، رفقاء اور احباب سے ملاقات: سفر کی ایک قیمتی سوغات
آج کا زمانہ بے حد مصروفیت کا زمانہ ہے۔ انسان مالی تعاون تو کسی حد تک کرسکتا ہے، لیکن دوسروں کے لیے وقت نکالنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ ایسے میں علمی اجتماعات کی ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ ان کے ذریعے اساتذہ، رفقاء، اعزہ اور احباب سے ملاقات و زیارت کا موقع میسر آتا ہے۔
اس سفر میں جہاں دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ اور امارت شرعیہ بہار و اڑیسہ کے متعدد اساتذہ اور اہلِ علم، مثلاً حضرت مولانا عتیق احمد بستوی، مفتی جنید احمد صاحب قاسمی ندوی اور مولانا انیس الرحمن قاسمی سے ملاقات اور استفادے کا موقع ملا، وہیں ندوہ اور امارت شرعیہ سے وابستہ کئی علماء، احباب اور اعزہ سے بھی برسوں بعد ملاقات ہوئی۔
خصوصاً مولانا رضوان احمد رات، استاذ مدرسہ نور الاسلام جلپاپور، سے تقریباً بتیس سال بعد شناسائی اور ملاقات ہوئی، جس سے بے حد خوشی حاصل ہوئی۔
اسی طرح طوفان پور کے مشرقی محلے کے حافظ سالم بن قاری منظور سے بنگلور ریلوے اسٹیشن پر رات تقریباً نو بجے ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات بھی تقریباً چالیس سال کے طویل عرصے کے بعد نصیب ہوئی۔ دیکھتے ہی دونوں طرف سے مصافحہ و معانقہ کا سلسلہ شروع ہوگیا، پرانی یادیں تازہ ہوئیں اور دیرینہ تعلقات کی تجدید کا موقع ملا۔
بلاشبہ ایسی ملاقاتیں سفر کی خوشیوں کو دوبالا کردیتی ہیں اور انسان کے حافظے میں دیر تک محفوظ رہتی ہیں۔
حاصلِ سفر
یہ چند علمی و فکری باتیں ہیں جو اس سیمینار میں اکابر علماء و فقہاء کے خطابات، ان کے ارشادات اور مختلف علمی مجالس سے مستفاد ہوئیں۔ ان باتوں کو قلم بند کرتے ہوئے الفاظ و ترتیب میں راقم الحروف نے اپنی بساط کے مطابق کوشش کی ہے۔ اس لیے ممکن ہے کہ کہیں تعبیر یا نقل میں کوئی کمی رہ گئی ہو۔ اہلِ علم سے درخواست ہے کہ اگر کوئی غلطی یا تسامح نظر آئے تو ضرور رہنمائی فرمائیں۔
اللہ تعالیٰ فقہ اکیڈمی انڈیا کی اس علمی و تحقیقی کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اس کے ذمہ داران، منتظمین، مقالہ نگاروں اور تمام معاونین کی خدمات کو قبول فرمائے اور امتِ مسلمہ کو ان علمی کوششوں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

